کراچی (نیوز ڈیسک) کراچی میں تاجر کو اغواء کرکے 19 لاکھ روپے تاوان وصول کرنے والے کے الزام میں مخبر سمیت گرفتار 2 پولیس اہلکاروں کی نشاندہی پر ان کے دیگر 3 ساتھی اہلکاروں کی گرفتاری کے لیے چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے۔
ایس ایس پی ملیر کے مطابق گارڈن ہیڈکوارٹر کے اہلکار رفیق اور کلاکوٹ تھانہ کے اہلکار یونس کو ان کے مخبر سمیت اسٹیل ٹاؤن سے گرفتار کیا گیا۔
ملزمان کے قبضہ سے کار، اسلحہ اور نقد رقم برآمد کرکے شارٹ ٹرم کڈنیپنگ میں ملوث گڈاپ تھانہ کے اہلکار سرفراز سمیت دیگر 3 ملزمان کی تلاش میں چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے۔
پولیس کے مطابق ملزمان نے تاجر مرزا احتشام بیگ کو اغواء کرکے اہلخانہ سے 29 لاکھ 50 ہزار روپے تاوان طلب کرکے 19 لاکھ روپے وصول کیے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان نے مغوی کے اہل خانہ کو بتایا تھا کہ ان کا تعلق خفیہ ایجنسی سے ہے۔