کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان میں کام کرنے والے بینکوں کے جمع شدہ رقم میں گزشتہ مالی سال کے دوران 919 ارب روپے کا اضافہ ہوا
جس کے بعد بینکوں کے ڈپازٹس کی مالیت 10 ہزار ارب روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے ۔
اسٹیٹ بینک کے اعداد وشمار کے مطابق مالی سال 2015-2016کے دوران بینکوں کے ڈپازٹس میں اضافے کی شرح مالی سال 2014-2015کے مقابلے میں تین فیصد کم رہی
جولائی 2014 سے جون 2015 کے دوران بینکوں کے ڈپازٹس میں 13 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا جبکہ 2014-2015سیشن کے دوران بینکوں کے ڈپازٹس میں ایک ہزار 58 ارب 71 کروڑ 40 لاکھ روپے کا اضافہ ہوا تھا۔
اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 2015-2016 کے دوران بینکوں کے ڈپازٹس میں 10 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ جون 2015 کے اختتام پر بینکوں کے ڈپازٹس کی مجموعی مالیت 9 ہزار 12 کروڑ 60 لاکھ روپے تھی جو جون 2016 کے اختتام تک بڑھ کر 10 ہزار 60ارب 18 کروڑ 80 لاکھ روپے کی سطح پر پہنچ گئی ہے ۔