You are currently viewing بالی ووڈمیں کام کرنےکاتجربہ کام آئےگا،ماوراحسین
110116169

بالی ووڈمیں کام کرنےکاتجربہ کام آئےگا،ماوراحسین

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان کی خوبرو اداکارہ ماورا حسین کی بالی ووڈ فلم ’’صنم تیری قسم‘‘ 5فروری کو ریلیز کی جائے گی۔ مذکورہ فلم کے حوالے سے قیاس آرائیاں ہورہی تھیں کہ اداکارہ ماورا حسین کا انتخاب بالی ووڈ اداکار رنبیر کپور کے مقابل کیا گیا ہے تاہم بعدازاں انکشاف ہوا کہ ان کے مقابل تیلگو فلم کے اداکار ہرش وردن رائنا بطور ہیرو جلوہ گر ہوں گے۔

فلم ’’صنم تیری قسم‘‘ کا ٹریلر اور ٹائیٹل سانگ ریلیز کردیا گیا ہے جس کے بول شاعر سمیر انجان نے لکھے ہیں۔ میوزک ہمیش ریشمیا نے بنایا جبکہ آواز کا جادو گلوکار انکت تیواڑی ، پلک ، نیتی موہن ، آکاسہ سنگھ، درشن راول کی جگایا ہے۔ اس کا ٹائٹل سانگ 22دسمبر کو ریلیز کیا گیا۔

ماورا حسین کی اس فلم کے ٹریلر اور ٹائیٹل سانگ کے وڈیو کو سوشل میڈیا پر پذیرائی نہیں مل سکی ہے۔ اس حوالے سے اداکارہ نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ بالی ووڈ فلم میں کام کرکے کافی تجربہ ملا ہے،جو میرے فلمی کیرئیر میں آگے چل کر بہت کام آئے گا۔

ماورا کا مزید کہنا تھا کہ فلم ’’صنم تیری قسم‘‘ کے لیے پروڈیوسر نے رابطہ کرکے مجھے باقاعدہ اسکرپٹ بھی بجھوایا تھا، جس کو پڑھنے کے بعد ہی فلم سائن کی۔ پہلے اس فلم کے لیے رنبیر کپور ہی کا نام طے ہوا تھا تاہم ہرش وردن رائنا بھی باصلاحیت اداکار ہیں، ان کی بے شک یہ پہلی ہندی فلم ہے لیکن وہ تامل فلموں کے مقبول اداکار بھی ہیں۔ ماورا حسین نے کہا کہ واویلا کرنے کا کوئی شوق نہیں ہے، میں چاہتی تھی کہ فلم کی شوٹنگ مکمل ہونے کے بعد اس کا آفیشل طور پر ٹریلر ریلیز ہوجائے تب ہی کسی کو بتاؤں۔