کراچی (نیوز ڈیسک) ڈیفنس میں گزشتہ روز فائرنگ سے سعید نامی سکیورٹی گارڈ کے جاں بحق ہونے کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کا مقدمہ سکیورٹی گارڈ کمپنی کے ایڈمن انچارج کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق مقدمہ قتل اور ڈکیتی کی دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے۔
مقدمے کے متن کے مطابق مدعی کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز ڈیفنس فیز 5 میں اپنے ساتھی سعید کے ساتھ بینک سے کمپنی کی رقم نکلوانے آیا تھا، بینک سے 5 لاکھ 8 ہزار روپے نکلوا کر تھیلے میں ڈالے تھے۔
مدعی نے بتایا کہ 2 موٹر سائیکلوں پر سوار 3 مسلح ملزمان آئے جنہوں نے رقم کا تھیلا چھیننے کی کوشش کی جس پر سعید نے مزاحمت کی تو ڈاکوؤں نے فائرنگ کردی۔
مدعی کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے بعد ملزمان رقم کا تھیلا چھوڑ کر فرار ہوگئے۔