کراچی (نیوز ڈیسک) شہر قائد میں یکم نومبر سے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں پر بھاری جرمانے عائد کیے جائیں گے۔
ڈپٹی انسپکٹر جنرل ٹریفک کا کہنا ہے کہ ٹریفک چالان کی رقم میں اضافے کی منظوری کے بعد اب یکم نومبر سے بھاری جرمانے ہوں گے۔
انھوں نے بتایا کہ ون وے کی خلاف ورزی پر موٹر سائیکل سوار کو 2 ہزار جبکہ گاڑی کو 3 ہزار روپے جرمانہ کیا جائے گا۔
ہیلمٹ استعمال نہ کرنے پر موٹر سائیکل سوار کو 500 روپے کا جرمانہ ہوگا جبکہ ہیڈ لائٹ روشن نہ ہونے پر موٹر سائیکل سوار کو 600 روپے اور گاڑی ڈرائیور کو 800 روپے جرمانہ ادا کرنا ہوگا۔
سگنل توڑنے والے موٹر سائیکل اور کار سوار کو 500 روپے جرمانہ ہوگا جبکہ رنگین شیشے پر گاڑی کے چالان کی مد میں 1200 روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔
ڈی آئی جی ٹریفک کے مطابق لائسنس کے بغیر موٹر سائیکل سڑک پر لانے والا 1000، کار ڈرائیور 1500 روپے جرمانہ ادا کرے گا۔
کم عمری میں موٹر سائیکل چلانے والے کو 1500، گاڑی چلانے والے کو 2000 روپے جرمانہ کیا جائے ہوگا۔
ڈی آئی جی ٹریفک نے کہا کہ ٹریفک قوانین کی مسلسل خلاف ورزی پر موٹر سائیکل سوار پر 2500، گاڑی سوار پر 3 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔