کراچی (نیوز ڈیسک) ضلع شرقی پولیس نے سی پی ایل سی ملیر کے ہمراہ سچل گوٹھ سے 2 اغواء کاروں کو گرفتار کرکے اسلحہ، تاوان کی رقم ، موبائل فون اور کار برآمد کرلی۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم عبدالرحمٰن اور عارف ملک نے پلاٹ دکھانے کے بہانے 12 دسمبر کو سائٹ سپر ہائی وے سے 19 سالہ مجتبٰی کو گاڑی سمیت اغوا کیا تھا۔
بعد ازاں ملزمان نے عوض 30 لاکھ روپے تاوان طلب کیا اور سچل کے علاقے میں مغوی کی والدہ سے 12 لاکھ روپے تاوان وصول کیا۔
ملزمان نے مغوی مجتبیٰ کو اس کی والدہ کے حوالے کر دیا تاہم مغوی کی گاڑی، اس کے موبائل فون اور اس کی والدہ کا موبائل فون بھی اپنے پاس رکھتے ہوئے مزید 5 لاکھ روپے طلب کیے۔
پولیس کی خصوصی ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے دونوں اغواءکاروں کو گرفتار کرکے 2 پستول، 5 لاکھ روپے، مغوی اور اس کی والدہ کے موبائل فون، واردات میں استعمال کی گئی گاڑی بھی برآمد کرلی۔
ملزمان کے خلاف غیر قانونی اسلحے کا مقدمہ درج کر کے مزید قانونی کارروائی کے لیے اے وی سی سی کے حوالے کردیا گیا۔