You are currently viewing وفاقی اردو یونیورسٹی: تینوں کیمپسز پر مشتمل جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا صدر مملکت کی جانب سے یونیورسٹی کی سینیٹ کا باقاعدہ اجلاس طلب کرنے کا خیر مقدم

وفاقی اردو یونیورسٹی: تینوں کیمپسز پر مشتمل جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا صدر مملکت کی جانب سے یونیورسٹی کی سینیٹ کا باقاعدہ اجلاس طلب کرنے کا خیر مقدم

کراچی (رحمت مراد) وفاقی اردو یونیورسٹی کے اراکین سینیٹ اور تینوں کیمپسز پر مشتمل جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے صدر پاکستان اور چانسلر وفاقی اردو یونیورسٹی کی جانب سے یونیورسٹی کی سینیٹ کا باقاعدہ اجلاس طلب کرنے کا خیر مقدم کیا ہے اور اس امید کا اظہار کیا ہے کہ 19 اگست کو منعقد ہونے والے سینیٹ کے اجلاس میں یونیورسٹی کے قائم مقام وائس چانسلر کی مدت اور دیگر اہم امور پرقانون کے مطابق فیصلے کر لیے جائیں گے۔

اراکین سینیٹ ڈاکٹر توصیف احمد خان، ڈاکٹر سید طاہر علی، ڈاکٹر محمد عرفان اورجوائنٹ ایکشن کمیٹی کے صدر سید اقبال نقوی اور سیکریٹری جنرل ڈاکٹر فیصل جاویدنے مشترکہ بیان میں کہا کہ یونیورسٹی کے چانسلر ڈاکٹر عارف علوی اردو یونیورسٹی کے مسائل کو حل کرنے میں ذاتی دلچسپی کا اظہار کرتے رہے ہیں۔

انہوں نے یونیورسٹی کی سینیٹ کی تاریخ کے طویل ترین اجلاس منعقد کئے اور مشکل فیصلوں پر پہنچنے کے لیے قائدانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ہے۔اساتذہ نمائندوں نے کہا کہ صدر پاکستان اور یونیورسٹی کے چانسلر کی جانب سے اساتذہ کے مطالبے کو تسلیم کرنے اور سینیٹ کا اجلاس طلب کرنے سے یونیورسٹی میں آئین کی پاسداری اور اداروں کے تقد س میں اضافہ ہوا ہے۔ اساتذہ نمائندوں نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ چانسلر وفاقی اردو یونیورسٹی ڈاکٹر عارف علوی کی قیادت میں یونیورسٹی تعلیم اور تحقیق کے میدان میں ترقی کرے گی اور بہت جلد اس کا شمار پاکستان کی صف اول کی یونیورسٹیوں میں ہوگا۔

Staff Reporter

Rehmat Murad, holds Masters degree in Literature from University of Karachi. He is working as a journalist since 2016 covering national/international politics and crime.