کراچی(ڈیسک) وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر برائے اطلاعات ، قانون اور اینٹی کرپشن بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے اپنے بیان میں کہاہے کہ پیپلزپارٹی پر تنقید سے پہلے اپوزیشن لیڈر فردوس شمیم نقوی اپنی وفاقی اور کے پی حکومت کی کارکردگی پر غور کرلیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر پی ٹی آئی کے رہنما ء سندھ دھرتی سے اتنے ہی مخلص ہیں تو وفاق کی جانب سے سندھ کے روکے گئے ایک سو سولہ ارب روپے دلانے کے لئے آواز کیوں نہیں بلند کرتے۔
مشیر اطلاعات سندھ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ سندھ کے روکے گئے فنڈز کے لئے نہ جانے فردوس شمیم نقوی کی زبان بند ہوجاتی ہے۔ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ سندھ کی ترقی میں کوئی رکاوٹ ہے تو وہ فردوس شمیم نقوی کی وفاقی حکومت ہے۔انہوں نے کہا کہ دوسروں پر الزام تراشی کرنا پی ٹی آئی کا پرانا کام ہے۔ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے مزید کہا کہ فردوس شمیم نقوی خواہ کتنی بھی الزام تراشی کرلیں پیپلزپارٹی سندھ کے عوام کی ترجمانی اور انکی خدمت کرتی رہے گی۔