You are currently viewing کراچی میں ہواؤں کا رخ تبدیل،موسم کی گرم مزاجی میں نرمی کا امکان

کراچی میں ہواؤں کا رخ تبدیل،موسم کی گرم مزاجی میں نرمی کا امکان

کراچی (اسٹاف رپورٹر) شہرقائد کے باسیوں کے لیے محکمہ موسمیات نے اچھی نوید دی ہے کہ بدھ کو شہر میں ہلکی بارش متوقع ہے جبکہ ہواؤں کے رخ میں تبدیلی واقع ہونے سے شہر کے درجہ حرارت میں بھی کمی آنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں اب تک زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 سے 35 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 17.5 مشاہدے میں آیا اور ہوا میں نمی کا تناسب 28 فیصد ریکارڈ کیا گیا تاہم اب شہر میں شمال مغرب سے ہوائیں 10 سے 12کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں جس کے باعث شہر میں گرمی کی شدت میں کمی آنے کی توقع ہے۔

میٹ آفس کے مطابق آئندہ 24 گھنٹے میں مطلع کبھی مکمل اور کبھی جزوی طور پر ابرآلود رہنے کا امکان ہے جبکہ بدھ کے روز شہر میں ہلکی بارش کا امکان ہے۔