کراچی (نیوز ڈیسک) وفاقی اردو یونیورسٹی اسٹوڈنٹ ایڈوائزر اور گوگی اسٹوڈیوز مائیگریشن پراجیکٹ کے اشتراک سے طلبا کی آگاہی کے لیے ہجرت کے صحیح طریقوں سے متعلق تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
اس موقع پر وفاقی اردو یونیورسٹی کی قائم مقام شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر روبینہ مشتاق نے تمغہ امتیاز اور پاکستان کی پہلی خاتون کارٹونسٹ نگار نذر تمغہ امتیاز کی خدمات کو سراہا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسرروبینہ مشتاق نے خواتین کو درپیش مسائل کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان تمام مسائل کے باوجود خواتین ہر جگہ زیادہ بہتر اور محنت سے کام کر رہی ہیں۔
منعقدہ تقریب میں فروا بتول نے نظامت کے فرائض انجام دئیے۔
طلبا کی آگاہی پروگرام میں تمغہ امتیاز اور پاکستان کی پہلی خاتون کارٹونسٹ نگار نذر نے طلبہ و طالبات کو ہجرت کرنے والوں کے درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔
نگار نذر نے نفسیاتی مسائل پر بات کرتے ہوئے کہا کہ جب مرد باہر ملک کمانے یا پڑھنے جاتے ہیں تب جن مسائل سے خواتین گزرتی ہیں ان کے لیے کٹھن مرحلہ ہوتا ہے۔
پروگرام آرگنائزر ڈاکٹر سعدیہ خلیل نے اپنے تجربات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا جب بھی تعلیم کے لیے باہر جائیں تو ان ممالک کی زبانوں اور کلچر سے آگاہی حاصل کریں تاکہ مسائل سے بچ سکیں۔
نگار نذر نے تقریب کے اختتام پر جامعہ اردو کی قائم مقام شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر روبینہ مشتاق کو اپنی کتابوں کا تحفہ پیش کیا اور گوگی اسٹوڈیوز کے سوونئیر طلبا وطالبات کو پیش کیے۔