You are currently viewing بڑا بریک ڈائون: ملک کے بیشتر شہروں سے بجلی غائب

بڑا بریک ڈائون: ملک کے بیشتر شہروں سے بجلی غائب

اسلام آباد (ڈیسک) نیشنل گرڈ سسٹم میں خرابی پیدا ہو جانے کی وجہ سے بڑا بریک ڈائون، ملک کے اکثر شہروں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔
اطلاعات کے مطابق آج صبح 7بج کر 34منٹ پر نیشنل گرڈ سسٹم میں بجلی کی فریکوئنسی کم ہوئی جس کے بعد یکے بعد دیگرے پاور پلانٹ ٹرپ کر گئے، پاور پلانٹس پر پیداوار بند ہونے سے ملک بھر کے چھوٹے بڑے شہروں میں بجلی کی فراہمی رک گئی۔ پاور ڈویژن سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق نظام میں خرابی کا تعین کیا جا رہا ہے ، خرابی دور کرنے میں ایک دن کا وقت لگ سکتا ہے۔
ترجمان وزارت توانائی کے مطابق اسلام آباد پاور سپلائی کمپنی اور پشاور پاور سپلائی کمپنی کے کچھ گرڈ اسٹیشن بحال کر دیے گئے ہیں، ابتدائی اطلاعات کے مطابق این ٹی ڈی سی کی گدو سے بلوچستان سپلائی لائن میں خرابی پیدا ہوئی جس کے باعث ملک کے بیشتر حصوں میں بجلی فراہمی معطل ہو گئی، ادھر لاہور و گرد و نواح کے اکثر علاقے بھی بجلی سے محروم ہیں۔
پاور پلانٹس بند ہونے سے ملک کے دیگر حصوں کی طرح ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں بھی بجلی کی سپلائی معطل ہو گئی، شہر کے اہم مقامات جناح ٹرمینل، کمیونی کیشن سسٹم، اسپتال، اہم دفاعی تنصیبات، اہم نوعیت کے دفاتر و دیگر عمارتوں میں لوکل جنریٹرز کے ذریعے بجلی کی ضرورت کو پورا کیا جا رہا ہے۔
اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی کے ترجمان کے مطابق ایک سو 17گرڈ اسٹیشن بجلی کی فراہمی معطل ہونے سے متاثر ہوئے ہیں، کنٹرول روم سے بحالی کے آپریشن کا جائزہ لیا جا رہا ہے، پاور سسٹم کے دیگر فیڈرز کو نقصان سے بچانے کے لیے مرحلہ وار بجلی بحال کی جائے گی، ترجمان کا کہنا ہے کہ بجلی کی مکمل فراہمی میں وقت لگ سکتا ہے۔