کراچی (ڈیسک) آرٹلری میدان پولیس اپنے مال خانے کی حفاظت میں بھی ناکام، کیس پراپرٹی کی 2 کروڑ روپے سے زائد کی رقم چوری ہونے کے انکشاف پر کھلبلی مچ گئی۔
ہیڈ محرر، تفتیشی افسر سمیت 3 اہلکاروں کو حراست میں لے لیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ 2 فروری کو دائود پوتہ روڈ پر سنار سے ساڑھے تین کروڑ کی ڈکیتی کے بعد چار ماہ قبل پولیس نے 6 ملزمان کو گرفتار کرکے 2 کروڑ 7 لاکھ 75 ہزار روپے برآمد کیے تھے جو تھانے کے مال خانے میں رکھے گئے تھےتاہم دو روز قبل مال خانے سے رقم غائب ہونے کا انکشاف ہواجس کے بعد کھلبلی مچ گئی، اعلیٰ پولیس افسران کے حکم پر ہیڈ محرر عبداللہ، تفتیشی افسر محمود سمیت ڈیوٹی گارڈ کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ شروع کردی گئی جبکہ تینوں اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کیا جارہا ہے۔