You are currently viewing امکان ہے نواز شریف پارٹی صدارت سنبھالیں گے، عرفان صدیقی

امکان ہے نواز شریف پارٹی صدارت سنبھالیں گے، عرفان صدیقی

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ شہباز شریف کے پاس پارٹی کو دینے کے لیے وقت نہیں لہٰذا امکان ہے نواز شریف مسلم لیگ (ن) کی پارٹی صدارت سنبھالیں گے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ن لیگ میں رائے موجود ہے کہ پارٹی کو جز وقتی نہیں کل وقتی صدر چاہیے، نواز شریف نے ماضی میں جاوید ہاشمی کو اور پھر شہباز شریف کو پارٹی صدر بنایا۔
عرفان صدیقی نے کہا کہ معیشت کی بحالی شہباز شریف کا سب سے بڑا مشن ہے، مسلم لیگ (ن) میں رائے ہے کہ نواز شریف پارٹی کی صدارت سنبھال لیں۔
انہوں نے کہا کہ ایک دو ماہ میں اس بارے میں فیصلہ ہوجائے گا، رائے ہے کہ پارٹی کے سیاسی عہدے حکومتی عہدوں سے علیحدہ کر دیے جائیں۔
عرفان صدیقی نے کہا کہ نواز شریف کے ہائی کورٹ کے ججز کیس میں فریق بننے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں، نواز شریف اس کیس میں کوئی درخواست دائر نہیں کر رہے، ان کے کیسز قانونی طور پر اختتام کو پہنچ چکے ہیں، نواز شریف کے خلاف کیسز اخلاقی اور سیاسی طور پر بے نقاب ہوچکے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جسٹس شوکت عزیز صدیقی اور جج ارشد کی گواہی کے بعد کیسز کی حقیقت سب کے سامنے آچکی ہے، نواز شریف کو کوئی ضرورت نہیں کہ ان کیسز کو کھنگالا جائے اور اس میں کوئی درخواست لے کر جائیں۔
عرفان صدیقی کا یہ بھی کہنا ہے کہ جس کے پاس کوئی وزارت ہے وہ اس پر توجہ دے رہا ہے اور جماعت اسی وجہ سے نظر انداز ہو رہی ہے۔

Staff Reporter

Rehmat Murad, holds Masters degree in Literature from University of Karachi. He is working as a journalist since 2016 covering national/international politics and crime.