کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر) صوبہ بلوچستان کی ساحلی پٹی گوادر ،تربت اور گردونواح میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔
زلزلہ پیماہ مرکز اسلام آباد کے مطابق بلوچستان کے ساحلی علاقوں گوادر، پسنی، تربت اورگردو نواح میں آنے والے زلزلے کی شدت 6 اعشاریہ 4 جبکہ زیر زمین گہرائی 10 کلو میٹر ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کا مرکز پسنی کے مغرب میں 23 کلو میٹرتھا۔
زلزلے کے باعث عوام میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے اپنے گھروں سے باہر آ گئے تاہم ڈی سی گوادر اور مقامی انتطامیہ کے مطابق تاحال کسی قسم کے جانی اور مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔