You are currently viewing میرا پاکستان میرا گھر اسکیم کے تحت  66ارب روپے کے قرضے جاری

میرا پاکستان میرا گھر اسکیم کے تحت 66ارب روپے کے قرضے جاری

اسلام آباد (ڈیسک)میرا پاکستان میرا گھر سکیم کے تحت بینکوں نے سستے گھروں کی تعمیرکیلئے آسان قرضہ جات کی فراہمی میں نمایاں پیش رفت کی ہے اور سستے گھروں کی تعمیر کیلئے بینکوں کی جانب سے اب تک 66ارب روپے کے قرضہ جات جاری کیے گئے ہیں۔ترجمان اسٹیٹ بینک کے مطابق سستے گھروں کی تعمیرکیلئے آسان قرضہ جات کی فراہمی کے ضمن میں 11اپریل 2022تک، بینکوں کو 409ارب روپے تک کے قرضہ جات کی درخواستیں موصول ہوئیں، جو کہ 1سال قبل محض 57 ارب روپے تھی، جس سے 7گنانمو کی عکاسی ہورہی ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ بینکوں نے 180ارب روپے تک کے قرضہ جات کی منظوری دی ہے جبکہ سستے گھروں کی تعمیر کیلئے 66 ارب روپے جاری کیے گئے ہیں۔ درخواستوں کی منظوری میں اضافہ کی شرح 11 گنا سے زیادہ ہے، اپریل 2021 میں بینکوں نے صرف 16 ارب روپے کی منظوری دی تھی۔ترجمان نے بتایا کہ بینکوں کی جانب سے تعمیراتی صنعت کیلئے مجموعی قرضہ جات کی فراہمی میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ 31 مارچ تک بینکوں کی جانب سے تعمیراتی صنعت کے قرضوں کاپورٹ فولیو404 ارب روپے تھا، جوگزشتہ سال کی اسی مدت میں 204ارب روپے تھا۔