کراچی (ڈیسک)وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ مزار قائد پر مسلم لیگ (ن) کے رہنما کیپٹن (ر) صفدر نے جو کچھ کیا وہ نامناسب تھا۔
کراچی میں کیپٹن صفدر کی گرفتاری پر سندھ حکومت کا ردعمل سامنے آگیا۔ پی پی پی رہنما سعید غنی نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ مزار قائد پر کیپٹن صفدر نے جو کچھ کیا وہ نامناسب تھا لیکن جس انداز میں کراچی پولیس نے گرفتاری کی ہے وہ قابل مذمت ہے۔
سعید غنی کا کہنا تھا کہ کیپٹن صفدر کی گرفتاری سندھ حکومت کی ہدایات پر نہیں ہوئی، پولیس کا یہ اقدام پی ڈی ایم کی جماعتوں میں خلیج پیدا کرنے کی سازش کا حصہ ہے جسے ہم ناکام بنائیں گے۔
مزار قائد کی بے حرمتی کیس میں سندھ پولیس نے کیپٹن (ریٹائرڈ) محمد صفدر کو گرفتار کرلیا ہے۔ پی ٹی آئی رہنماؤں نے مریم نواز، ان کے شوہر کیپٹن صفدر سمیت مسلم لیگ (ن) کے 200 سے زائد کارکنوں کیخلاف مزار قائد کی بے حرمتی کا مقدمہ درج کرایا ہے۔
گزشتہ روز مریم نواز کی مزار قائد پر حاضری کے دوران کیپٹن (ر) محمد صفدر نے نعرے بازی شروع کردی تھی اور مزار قائد کے احاطے میں ”ووٹ کو عزت دو“ کے نعرے لگائے تھے۔