کراچی (نیوز ڈیسک) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے میئر کراچی مرتضٰی وہاب کے ہمراہ شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کرکے نکاسی آب کا جائزہ لیا۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ میئر کراچی مرتضیٰ وہاب رات بھر جاگتے ہیں تاکہ ہم سکون سے سوسکیں۔
مراد علی شاہ صدر، عبداللہ ہارون روڈ، الیکٹرونک مارکیٹ، آئی آئی چندریگر روڈ اور ٹاور کے علاقے بھی گئے جبکہ نرسری اور گرومندر نالے کا معائنہ بھی کیا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے سڑکیں صاف ہونے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سائیکلون کا الرٹ ہے جس کے لیے انتظامیہ مکمل طور پر تیار ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ شہر کی سڑکیں بنانا بہتر کرنا ہماری ذمہ داری ہے، جہاں سڑکوں پر گڑھے ہیں ان کو فوری پُر کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ بلدیاتی اداروں کے ورکرز نے دن رات کام کیا جس کی وجہ سے کراچی بہتر صورتحال میں ہے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ کراچی میں بلدیاتی ادارے پوری طرح الرٹ ہیں، ہم ہر مشکل وقت میں لوگوں کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ سندھ حکومت کی جانب سے رین ایمرجنسی سینٹر قائم کیا گیا ہے، ہماری تیاری پہلے بھی تھی اور اب بھی ہے۔