کراچی (نیوز ڈیسک) نگراں وزیر صنعت گوہر اعجاز نے کہا ہے کہ یکم اکتوبر سے پیٹرول کی قیمت میں کمی آجائے گی۔
کراچی میں کاروباری برادری سے ملاقات کے بعد گورنر سندھ کامران ٹیسوری کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گوہر اعجاز نے کہا کہ ڈالر کی قیمت میں اضافے کی وجہ سے پیٹرول سمیت تمام اشیاء مہنگی ہوئی ہے۔
گوہر اعجاز نے کہا کہ انٹربینک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر کم ہوئی ہے، اقدامات کی وجہ سے کرنسی اپنی جگہ پر آگئی ہے، غیر قانونی طور پر ڈالر باہر بھیجنے والوں کو روکنے سے بہتری آئی ہے۔
انھوں نے کہا کہ ہماری ذمہ داری ہے صنعت اور تجارت کا خیال رکھیں، ڈالر کی قدر کم ہونے سے عوام کو ریلیف ملے گا، یہ نہیں ہو سکتا کہ 17 ڈالر کی گیس خرید کر 4 ڈالر میں دیں۔
نگراں وزیر صنعت نے کہا کہ اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل میں سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سے بڑی سرمایہ کاری آ رہی ہے۔