You are currently viewing 70 ارب روپے سے کراچی میں نیا انفرااسٹرکچر بنایا جائے گا، مرتضٰی وہاب

70 ارب روپے سے کراچی میں نیا انفرااسٹرکچر بنایا جائے گا، مرتضٰی وہاب

کراچی (نیوز ڈیسک) کراچی کے میئر مرتضٰی وہاب نے کہا ہے کہ ہم روزگار دینا چاہتے ہیں نوکریوں کا اعلان کیا ہے، 70 ارب روپے کی لاگت سے شہر میں نیا انفرااسٹرکچر بنایا جائے گا۔
میئر کراچی مرتضٰی وہاب کراچی واٹر کارپوریشن آفس پہنچے، جہاں انہوں نے سینٹر آف ریفارم ریسرچ اینڈ انوویشن کا سنگ بنیاد رکھا۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ پارٹی چیئرمین نے وعدہ کیا تھا کہ پانی و سیوریج کے مسائل حل کریں گے، نا صرف پائپ ڈالے جائیں گے بلکہ سڑکیں بھی تعمیر کریں گے، حب ڈیم سے نئی کنال پر 13 ارب روپے کی لاگت سے کام شروع کردیا ہے، 12 ماہ میں حب ڈیم سے دو سو ملین گیلن پانی آئے گا۔
مرتضٰی وہاب کا کہنا ہے کہ کراچی واٹر اینڈ سیوریج ایمپرومنٹ پروجیکٹ میں سنگ میل عبور کیے ہیں، یہ کراچی کے پانی اور سیوریج کو بہتر کرنے کا پہلا منصوبہ ہوگا، ریسرچ سینٹر سے ادارے کو بہتری لانے کا مزید موقع ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ کراچی میں 29 کلورینیشن سینٹر ہیں،‎31 دسمبر تک یہ سینٹر کام کرتے دکھائی دیں گے، شہر میں پانی کی کمی ہے، لائنوں میں لیکیج تھی، پمپنگ اسٹیشنز پر بجلی کی لوڈشیڈنگ بھی کی جارہی ہے۔
مرتضٰی وہاب نے کہا کہ دھابیجی اور پپری میں کام چل رہا ہے، مارچ 2025ء تک ہو جائے گا، پہلے فیز میں 4333 رہائشی اور کمرشل کسٹمرز کے لیے میٹرز نصب کریں گے، کے فور اوگمینٹیشن کا لیٹر جاری ہوگیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ضلع غربی، وسطی، اورنگی اور کیماڑی کے عوام مستفید ہوں گے، ساڑھے 2 کروڑ گیلن سیوریج کو صاف کرکے سمندر برد کررہے ہیں، سیوریج کے مسائل کو حل کرنے کے لیے سڑکوں کی بھی مرمت ہو رہی ہے، شہر کی 106 شاہراہوں کا ذمے دار ہوں اور ان پر کام ہورہا ہے۔
میئر کراچی نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا ہے کہ ٹاؤن کو کام کرنے کی ضرورت ہے، ملیر مرغی خانے کے پل کی وسعت اور مرمت ہوگی، دو ارب کی لاگت سے ایک نیا پل بنے گا اور پرانے پل کی بھی مرمت ہوگی، پارلیمانی سیاسی جماعتوں کے مابین بات چل رہی ہے۔
مرتضٰی وہاب نے کہا کہ آئین کو تبدیل کرنے کا حق پارلیمان کا ہے، مجھے لگ رہا ہے کہ معاملے کو سیاسی بنایا جارہا ہے، امید کرتا ہوں کہ پارلیمان قانون سازی کرتی رہے گی۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایم کیو ایم عدالت گئی، جسے عدالت نے اسٹے دے دیا، مولانا فضل الرحمٰن بھی آئینی عدالت پر اتفاق کرتے ہیں، مولانا صاحب کے ساتھ خدوخال پر بات چل رہی ہے۔

Staff Reporter

Rehmat Murad, holds Masters degree in Literature from University of Karachi. He is working as a journalist since 2016 covering national/international politics and crime.