کراچی (اسٹاف رپورٹر) متحدہ قومی مؤومنٹ نے کراچی میں جاری کلین اینڈ گرین کراچی مہم کو غیرمعینہ مدت تک ملتوی کرنے کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق ایم کیوایم رابطہ کمیٹی لندن اور پاکستان کا مشترکہ اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں شہرِقائد میں جاری صفائی مہم منگل سے مؤخر کرنے کا فیصلہ کیا گیا، اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ صفائی مہم ملتوی کرنے کا سبب ایم کیوایم کے کارکنان کی مسلسل گرفتاریاں ہیں۔
واضح رہے کہ کراچی میں کلین اینڈ گرین صفائی مہم 10 مارچ کو شروع کی گئی تھی، جس میں ایم کیوایم رہنماؤں فاروق ستار، نامزد میئر کراچی وسیم اختر، نامزد ڈپٹی میئر کراچی ڈاکٹر ارشد وہرہ اور دیگر نے بھی بڑھ چڑھ کر حصّہ لیا۔