کراچی (اسٹاف رپورٹر) محکمہ تعلیم سندھ نے زبوں حالی کا شکار 177 سرکاری اسکولوں کے لیے 27 کروڑ 55 لاکھ روپے فنڈز جاری کر دیے۔
میڈیا پر کراچی میں قائم سرکاری اسکولوں کی زُبوں حالی کی نشاندہی کے بعد محکمہ تعلیم سندھ حرکت میں آگیا۔ محکمہ تعلیم سندھ نے کراچی ریجن کے 177 سرکاری اسکولوں کے لیے 27 کروڑ 55 لاکھ روپے کے فنڈز جاری کردیے ہیں۔ جاری کردہ رقم سے سرکاری اسکولوں کی خراب عمارتوں کا مرمتی کام، کلاسوں کے لیے فرنیچر، طلباء کے پینے کے لیے صاف پانی اور واش رومز کا کام کرایا جائے گا۔
تعلیمی اداروں کی خراب صورتحال کی زیادہ تعداد لیاری، اورنگی ٹاؤن، صدر، ایف بی ایریا اور نیوکراچی میں قائم اسکولوں کی ہے۔ فنڈز کی رقم اسکولوں کے ہیڈماسٹرز کو جاری کی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ تین روز قبل سیکرٹری تعلیم فضل اللہ پیچوہو نے اسکولوں کی خراب صورتحال پر کراچی سمیت سندھ بھر کے تمام ایجوکیشن ڈسٹرکٹ افسروں کو طلب کیا تھا۔