You are currently viewing چوہدری شجاعت نے 4ملکی سابق وزرائے اعظم فورم کا اعلان کردیا

چوہدری شجاعت نے 4ملکی سابق وزرائے اعظم فورم کا اعلان کردیا

لاہور/اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر) سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین نے پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش اور نیپال کے سابق وزرائے اعظم پر مشتمل ایک فورم بنانے کا اعلان کردیا۔ نیپال کے سابق وزیراعظم مادھوکمار کا بطور رابطہ کار انتخاب کرلیا گیا۔

مسلم لیگ ق کے صدر چوہدری شجاعت حسین کی رہائش گاہ پر ایشیائی پولٹیکل پارٹیز کے مندوبین کے اعزاز میں اعشایے کا اہتمام کیا گیا۔ جس میں نیپال کے 2 سابق وزرائے اعظم مادھو کمار، جھلا ناتھ کھنال، سینیٹر مشاہد حسین، بھارتیہ جنتا پارٹی کے سابق ممبر پارلیمنٹ وجے جولی اور بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی کے رہنما محبوب عالم نے شریک ہوئے۔

اس موقع پر چوہدری شجاعت حسین نے تجویز پیش کی کہ پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش اور نیپال کے سابق وزرائے اعظم پر مشتمل ایک فورم بنایا جائے تاکہ انسانی حقوق اور ان کے مسائل کے حل کیلئے ایک دوسرے کے تجربے سے فائدہ اٹھایا جاسکے، تجویز آمادگی کا اظہار کرتے ہوئے متفقہ طور پر نیپال کے سابق وزیراعظم مادھو کمار کو فورم کا رابطہ کار منتخب کیا گیا جو دیگر ممالک کے ارکان سے رابطہ کریں گے۔

چوہدری شجاعت حسین نے فورم کے پہلے اجلاس کی میزبانی کی پیشکش بھی کی جو تمام رہنماؤں کی باہمی رضا مندی سے اسی سال اسلام آباد میں منعقد ہوگا جس میں اس فورم کا نام اور مقصد طے کیا جائے گا جبکہ اس فورم میں پاکستان کے پانچ سابق وزراء اعظم چوہدری شجاعت حسین، شوکت عزیز، میر ظفراللہ جمالی، راجہ پرویزاشرف اور سید یوسف رضا گیلانی بھی شامل ہوں گے۔