You are currently viewing خفیہ معلومات پر مبنی آپریشن تیز کرنا ہوں گے، آرمی چیف

خفیہ معلومات پر مبنی آپریشن تیز کرنا ہوں گے، آرمی چیف

راولپنڈی (اسٹاف رپورٹر) سپہ سالار جنرل راحیل شریف کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں دہشتگردوں کے ڈھانچے کے خاتمے کے لیے خفیہ معلومات پر مبنی آپریشن تیز کرنا ہوں گے۔

آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے زیرِ صدارت کور کمانڈر کانفرنس منعقد ہوئی جس میں ملکی سیکیورٹی کی صورتحال اور دہشتگردوں کیخلاف کامیابی سے جاری آپریشن ضربِ عضب کا جائزہ لیا گیا۔ کانفرنس کے دوران دنیا میں ابھرتے ہوئے جیو اسٹریٹجک ماحول اور پاکستان کی سیکیورٹی پر اُس کے اثرات کے حوالے سے بھی غور کیا گیا۔

اس موقع پر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں دہشت گردوں کے ڈھانچے کے خاتمے کیلئے خفیہ معلومات پر مبنی آپریشن تیز کرنا ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ فاٹا میں جاری آپریشن اپنے منطقی انجام کی طرف بڑھ رہا ہے۔ طویل مدتی استحکام کے لیے آپریشن کے ثمرات سے فائدہ اٹھانا ہوگا۔ آپریشن کے بعد کے اُمور پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

آرمی چیف نے شوال اور گردونواح میں جاری آپریشنز پر اطمینان کا اظہار کیا۔