اسلام آباد (ڈیسک) وفاقی وزیر اسد عمر کا کہنا ہے کہ 14 پریل کے بعد لاک ڈاؤن میں کمی ہو گئی یا ضافہ اس بارے میں کچھ نہیں کہا جا سکتا ۔
گزشتہ روز اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر کا کہنا تھاکہ لاک ڈاؤن سے وائرس کا پھیلاؤ روکنے میں مدد ملی۔ پاکستان میں کورونا وائرس پھیلنے کی رفتار سست ہے جو حوصلہ افزا بات ہے۔ پاکستانی قوم نظم و ضبط کا مظاہرہ کررہی ہے اور یہی اس وبا سے مقابلے کا واحد طریقہ ہے تاہم بعض علاقوں میں احتیاطی تدابیر پر مکمل عمل درآمد نہیں ہورہا۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن کے ملکی معیشت پر منفی اثرات پڑ رہے ہیں جن سے امیر اور غریب دونوں ہی متاثر ہورہے ہیں۔ تاہم موجودہ صورت حال میں یہ نہیں بتا سکتا کہ 14 اپریل کے بعد لاک ڈاؤن کی پابندیوں میں کمی کی جائی گی یا ان میں اضافہ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر اور طبی عملہ ہمارے ہیروز ہیں انہیں حفاظتی سامان کی فراہمی کے لیے ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے۔ طبی عملے کو حفاظتی سامان کی براہ راست فراہمی پر غور کیا جارہا ہے۔ حالیہ دنوں میں ملک کی کورونا ٹیسٹنگ کی استعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ وائرس پھیلنے سے صحت کے نظام پر بوجھ پڑ سکتا ہے، کوشش ہے صورت حال قابو سے باہر نہ ہو۔