کراچی (اسٹاف رپورٹر) پیپلزپارٹی کے رہنماء عبدالقادر پٹیل کراچی پہنچ گئے، ایئرپورٹ پر گفتگو کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ مقدمات کا سامنا کروں گا۔ دو روز قبل لندن سے دبئی پہچا ہوں اور میرے واپس آنے کی خبر نہ پارٹی کو ہے نہ ہی پارٹی کی قیادت کو، میری ڈیل میرے ملک اور اداروں سے ہوئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی کے رہنماء عبدالقادر پٹیل کراچی پہنچ گئے، ڈاکٹر عاصم کیس میں بھی عدالت نے عبدالقادر پٹیل کے سمن جاری کیے، اس کے علاوہ رینجرز نے بھی عزیر بلوچ کیس کی تفتیش میں انہیں طلب کر رکھا ہے تاہم عبدالقادر پٹیل نے وکیل کے ذریعے حفاظتی ضمانت لے رکھی ہے۔
کراچی ایئرپورٹ پر عبدالقادر پٹیل نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ میرے ہاتھ صاف ہیں، مجھے کسی چیز کا خوف نہیں، مقدمات کا سامنا کروں گا، رینجرز نے مجھے 14 اپریل کو طلب کیا ہے، معلوم نہیں کہ ڈاکٹرعاصم کیس میں میرا نام کیوں ڈالا گیا ہے، میں ہرگز مقدمات سے گھبرانے والا نہیں ہوں۔
واضح رہے کہ عبدالقادر پٹیل نے وکیل کے ذریعے حفاظتی ضمانت لے رکھی ہے۔