You are currently viewing گورنرہاؤس میں بابا گورونانک کے جنم دن کی تقریب، کئی قونصل جنرلز کی شرکت

گورنرہاؤس میں بابا گورونانک کے جنم دن کی تقریب، کئی قونصل جنرلز کی شرکت

کراچی (نیوز ڈیسک) گورنر ہاؤس میں سکھوں کے روحانی پیشوا بابا گورونانک کے 555 ویں جنم دن کی تقریب منعقد کی گئی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ جس طرح ہندو اور مسیحی برادریوں کے تہوار گورنر ہاؤس میں منائے گئے اسی طرح بابا گورونانک کا جنم دن بھی یہاں منایا جارہا ہے۔
گورنر سندھ نے کہا کہ یہ تقریب پڑوسی ملک بھارت کو پیغام ہے کہ دیکھ لیں پاکستان میں حکومتی سطح پر اقلیتوں کو کس طرح عزت، پیار اور محبت دی جاتی ہے کہ صوبے کا گورنر گورونانک کی سالگرہ منا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ کینیڈا میں آباد سکھوں پر بھارت کی جانب سے مظالم سے آگاہ ہیں اور یہ بھی جانتے ہیں کہ بھارت میں ان کے ساتھ کیسا سلوک کیا جاتا ہے، اسی لیے ہر سکھ کے لیے ان کے دروازے کھلے ہیں۔
گورنر کامران ٹیسوری نے کہا کہ پاکستان کی ترقی بھی اتحاد سے ہی ممکن ہے اور یہ بھی حقیقت ہے کہ ملک کی ترقی میں جتنا ہاتھ مسلم پاکستانیوں کا ہے اتنا ہی ہاتھ ہندو، مسیحی اور سکھ پاکستانیوں کا ہے۔
تقریب میں روس، عمان، سری لنکا، بنگلادیش، ملائیشیا سمیت مختلف ممالک کے قونصل جنرلز اور کاروباری شخصیات بھی موجود تھیں۔
گورنر سندھ نے مختلف ممالک کے سفارت کاروں کو مخاطب کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ اپنی حکومتوں کو پیغام بھیجیں گے کہ پاکستان میں اقلیتوں کے ساتھ کس قدر اچھا سلوک کیا جاتا ہے۔
گورنر سندھ نے سندھ میں آباد سکھ کمیونٹی کے لیے گورنر آئی ٹی انیشئیٹو میں کوٹہ مختص کیا اور کہا کہ سکھ کمیونٹی لیڈر جن افراد کی فہرست دیں گے ان سب کو آئی ٹی کورسز مفت کرائے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اگر کسی کو راشن چاہیے تو انہیں گورنر ہاؤس آنے کی بھی ضرورت نہیں ماہانہ راشن گھر بھیج دیا جائے گا۔
سکھ کمیونٹی کے افراد کی موٹرسائیکل چوری ہوتو انہیں طویل فہرست میں اپنی باری کا انتظار کرنا نہیں پڑے گا، انہیں بغیرلائن میں کھڑے فوراً موٹرسائیکل دیدی جائے گی۔

Staff Reporter

Rehmat Murad, holds Masters degree in Literature from University of Karachi. He is working as a journalist since 2016 covering national/international politics and crime.