کراچی (ڈیسک) شہر قائد میں پارکنگ کی آڑ میں بھتہ وصول کرنے والی مافیا نے عدالتی احکام کو ہوا میں اڑا دیا۔ مرکزی شاہراہوں پر مبینہ پولیس سرپرستی میں پارکنگ فیس کے نام پر دھڑلے سے بھتہ وصولی جاری ہے۔
کلفٹن دو تلوار پر ایمرلڈ ٹاور کے سامنے سڑک پر پارکنگ مافیا کے کارندوں نے اندھیر مچا رکھی ہے، پارکنگ مافیا مصروف سڑک پر ہی موٹرسائیکلیں اور کاریں پارک کرکے فیس کے نام پر بھتہ وصول کررہا ہے اور اگر کوئی شہری پارکنگ فیس کی رسید کا مطالبہ کردے تو پارکنگ مافیا کے کارندے نہ صرف گالیاں دیتے ہیں بلکہ مارنے سے بھی گریز نہیں کرتے۔
عوامی حلقوں نے پوش علاقے میں کھلے عام بھتہ وصول کرنے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔