کراچی(ڈیسک)پولیس نے کراچی کے جناح اسپتال کے گائنی وارڈ سے سے میٹرک پاس جعلی لیڈی ڈاکٹر کو گرفتار کر کے ان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے
ذرائع کے مطابق ایس پی صدر توقیر نعیم نے بتایا کہ جناح اسپتال کراچی میں زچہ وارڈ کے عملے کی نشاندہی پر پولیس نے جعل ساز لیڈی ڈاکٹر کو گرفتار کیا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزمہ کا نام عائشہ ہے جو میٹرک پاس ہے اور کورنگی کی رہائشی بنائی جاتی ہے۔
ایس پی صدر توقیر نعیم نے کہا کہ جب پولیس نے چھاپا مارا تو عائشہ سفید کوٹ پہنے گائنی وارڈ میں موجود تھی۔ تلاشی کے دوران ملزمہ کے بیگ سے اسٹیتھواسکوپ، بلڈ پریشر چیک کرنے والا آلہ اور ادویات بھی برآمد ہوئیں، ملزمہ عائشہ ایک سال سے گائنی وارڈ میں جعل سازی سے کام کر رہی تھی۔ پولیس کے مطابق ملزمہ پر غیر قانونی آپریشنز میں ملوث ہونے کا بھی شبہ ہے، جبکہ اس بات کا بھی امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ اسپتال سے نوزائیدہ بچے اغوا کرنے والے گروہ سے بھی ملزمہ کا تعلق ہوسکتا ہے۔
ایس پی توقیر نعیم نے بتایا کہ دوران تفتیش اس بات کا انکشاف ہوا کہ ایم بی بی ایس کی ڈگری تو درکنار خاتون کے پاس لیڈی ہیلتھ ورکر کا بھی کوئی سرٹیفکیٹ نہیں ہے۔ جعلی خاتون ڈاکٹر کے خلاف وومن تھانے میں مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔