کراچی (نیوز ڈیسک) بغدادی میں 19 روز قبل 20 تولہ سونا چوری کی واردات کا معمہ حل کرکے پولیس نے گرفتار ملزمہ کےقبضہ سے 3 تولہ سونا اور 15 لاکھ روپے نقدی برآمد کرلی۔
بغدادی تھانہ کے شعبہ تفتیش کے مطابق 27 اکتوبر کو درج ہونے والے چوری کے مقدمہ 2024/285 کے سلسلے میں عمران نامی ملزم کو شک کی بنا پر گرفتار کیا جس نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ مذکورہ واردات اس کی بیوی شہناز نے کی ہے۔
پولیس کے مطابق شعبہ تفتیش نے انٹیلی جنس بیسڈ اطلاع پر چھاپہ مار کر ملزمہ شہناز کو گرفتار کرکے چوری شدہ 3 تولے سونا اور رقم برآمد کرلی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمہ مقدمہ مدعی کے پڑوس میں رہتی ہے، ملزمہ نے مدعی مقدمہ اور ان کی فیملی کی غیر موجودگی میں واردات سر انجام دی تھی۔
پولیس کے مطابق ملزمہ نے چوری شدہ 20 تولہ سونے میں سے 17 تولہ سونا بیچ دیا تھا جس کی رقم 15 لاکھ روپے بھی برآمد کی گئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مزید ریکوری اور ملزمہ کے دیگر ساتھیوں کی تلاش میں چھاپے مارے جا رہے ہیں۔