کراچی (نیوز ڈیسک) ایڈیشنل آئی جی کراچی خادم حسین رند سے کراچی پریس کلب کے سیکریٹری شعیب احمد کی قیادت میں صحافیوں کے وفد نے ملاقات کی۔
وفد میں پریس کلب کے جوائنٹ سیکریٹری اسلم خان، ممبر گورننگ باڈی فاروق سمیع، سیکریٹری لائژن کمیٹی ثاقب صغیر، ممبران لائژن کمیٹی شاہد انجم، شاہ میر خان بھی موجود تھے۔
کراچی پریس کلب کے وفد نے پولیس چیف کو عہدہ سنبھالنے پر مبارک باد دی جس پر پولیس چیف نے ان کا شکریہ اد اکیا۔
وفد نے صحافی کالونی ہاکس بے میں سکیورٹی کے لیے پولیس چوکیوں کے قیام کی سفارشات پیش کیں۔
وفد نے اسٹریٹ کرائم کا شکار ہونے والے پریس کلب کے ممبران کے مقدمات کی تفتیش کا جائزہ لینے کے لیے سینئر افسران پر مشتمل کمیٹی بنانے کی بھی تجویز دی۔
پولیس چیف نے صحافی برادی کو درپیش مسائل سنے اور اسے حل کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔
وفد نے پولیس چیف کو بتایا کہ پولیس اور صحافیوں کے درمیان رابطوں کو بہتر بنانے اور شکایات کے خاتمے کے لیے کراچی پریس کلب کی سطح پر ایک لائژن کمیٹی بنائی گئی ہے جو پولیس سمیت تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں سے رابطے میں ہے ۔
پولیس چیف نے بھی مذکورہ لائژن کمیٹی سے مکمل تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ عوام کے جان و مال کی حفاظت پولیس کی اہم ذمہ داری ہے جس کے لیے پولیس کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔
ملاقات کے اختتام پر کراچی پریس کلب کے عہدیداروں نے پولیس چیف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔