کراچی (نیوز ڈیسک) کارساز روڈ پر گاڑی کی ٹکر سے باپ بیٹی کی موت کے کیس میں گاڑی کی ڈرائیور ملزمہ کی میڈیکل رپورٹ پولیس کو موصول ہوگئی۔
ذرائع کے مطابق ملزمہ نتاشا کے یورین کے نمونوں کے ٹیسٹ کے بعد حاصل نتائج میں آئس کی موجودگی پائی گئی جبکہ ملزمہ کے خون کے نمونے میں کوئی نشہ آور چیز نہیں پائی گئی۔
ملزمہ کی میڈیکل رپورٹ 2 سے 3 دن کے لیے سیل کردی گئی ہے۔
باپ بیٹی کی ہلاکت بعد 22 اگست کو سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے صحت نے ملزمہ کی رپورٹ طلب کی تھی۔
چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے صحت عامر چشتی کا کہنا تھا کہ ملزمہ کے ٹیسٹ اور صحت پر جناح اسپتال انتظامیہ سے رپورٹ طلب کی ہے۔
ملزمہ کے ٹیسٹ اور دیگر کارروائی پر عوام میں شکوک پائے جارہے تھے۔
کارساز حادثے کی ملزمہ کی میڈیکل رپورٹ سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کراچی پولیس چیف جاوید عالم کا کہنا تھاکہ تفتیش جاری ہے، زیادہ کھل کر بات نہیں کرنا چاہتا لیکن کچھ چیزیں سامنے آئی ہیں جو ظاہرکرتی ہیں ملزمہ کوگاڑی میں نہیں ہونا چاہیے تھا۔
انہوں نے کہاکہ میڈیکل اتھارٹیز سے بات کرکے حتمی رائے قائم کرسکیں گے، اس حوالے سےطبی ماہرین کا مؤقف بھی حاصل کریں گے۔