کراچی (ڈیسک) سابق وزیر خزانہ اور ن لیگ کے رہنما مفتاح اسماعیل نے موجودہ وزیر خزانہ اسحق ڈار پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈار صاحب نے اپنی انا کے چکر میں لوگوں کی فیکٹریاں بند کروا دیں، ڈار صاحب کی سوچ ہی الٹی ہے۔
سوشل میڈیا پر ایک پروگرام میں بات کرتے ہوئے مفتاح اسماعیل نے کہا کہ مجھے ہٹا کر کوئی اکانومسٹ ٹائپ کا بندہ ہی لے آتے، ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن میں احسن اقبال جیسے قابل لوگ بھی ہیں، انھیں لے آتے۔
انھوں نے وزیر خزانہ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ڈار صاحب کو وزیر خزانہ بننے کا بہت شوق تھا، وہ ٹی وی پر آ کر کہتے تھے کہ ڈالر 160روپے کا کر دوں گا۔
مفتاح نے مزید کہا کہ وزیر اعظم میری کارکردگی سے خوش تھے، وہ مجھے ہٹانا نہیں چاہتے تھے، لیکن اسحق ڈار صاحب نواز شریف کے سمدھی ہیں، ان کا بیٹا نواز شریف کا داماد ہے، وہ نواز شریف کو کہتے تھے کہ میں ڈالر اور پٹرول سستا کر دوں گا۔
ان کا کہنا تھا کہ مجھے ہٹانا بے شک وزیر اعظم کے صوابدید تھی لیکن جس طریقے سے ہٹایا گیا وہ درست نہیں تھا۔ اسحق ڈار نے عوامی سطح پر میرے خلاف بات کی اور میری اہلیت پر سوال اٹھائے، ورنہ پارٹی میں میرے خلاف کسی نے کوئی بات نہیں کی۔
سابق وزیر خزانہ نے کہا کہ میرے بہت سے لوگ پی ٹی آئی میں بھی ہیں، میں ن لیگ میں ہی ہوں، آئندہ الیکشن میں حصہ لینے کا ارادہ نہیں۔