You are currently viewing چہلم امام حسینؓ پر سخت سکیورٹی انتظامات، جلوس کے اطراف موبائل سروس بھی بند

چہلم امام حسینؓ پر سخت سکیورٹی انتظامات، جلوس کے اطراف موبائل سروس بھی بند

  • Post author:
  • Post category:پاکستان
  • Post last modified:26/08/2024 16:34
  • Reading time:1 mins read

کراچی (نیوز ڈیسک) شہدائے کربلا کا چہلم آج عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے، ملک بھر میں جلوس نکالے جارہے ہیں۔
شہدائے کربلا کے چہلم کے موقع پر مختلف شہروں میں علم، ذوالجناح اور تعزیے بھی برآمد کیے جائیں گے، جلوسوں کے راستے پر ٹھنڈے پانی اور شربت کی سبیلیں لگائی گئی ہیں۔
کراچی میں چہلم کے جلوس کے راستے کی طرف آنے والی سڑکوں اور گلیوں پر کنٹینر رکھ کر راستے بند کر دیے گئے ہیں، جلوس کے دوران گرومندر سے ٹاور تک ایم اے جناح روڈ بند رہے گی۔
ٹریفک پولیس کے مطابق ناظم آباد سے آنے والی گاڑیاں لسبیلہ چوک سے نشتر روڈ جاسکیں گی اور لیاقت آباد سے آنے والے ٹریفک کو تین ہٹی سے لسبیلہ چوک کی طرف موڑ دیا جائے گا۔
اسی طرح شاہراہ قائدین سے نمائش جانے والی گاڑیاں کشمیر روڈ سے جاسکیں گی۔
چہلم شہدائے کربلا کے موقع پر سندھ بھر میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد ہے جبکہ کراچی میں چہلم شہدائے کربلا کے جلوس کی سکیورٹی کے لیے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
امن وامان کی صورتحال کے پیش نظر سندھ بھر میں ریڈ الرٹ ہے جبکہ جلوسوں کی فضائی نگرانی بھی کی جائے گی۔
سندھ حکومت نے آج شہداء کربلا کے چہلم پر کراچی، حیدرآباد، لاڑکانہ، سکھر اور خیرپور سمیت سندھ کے بڑے شہروں میں موبائل فون سروس بھی معطل رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
دریں اثناء ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل اظہر وقاص نے شہرِ قائد کا دورہ کیا اور چہلم کے جلوس کی سکیورٹی کے لیے ہیومن انٹیلیجنس اور جدید تکنیکی وسائل استعمال کرنے کی ہدایات دیں۔ 
رینجرز ترجمان کے مطابق ڈی جی رینجرز سندھ نے حضرت امام حسین ؓ کے چہلم کی مناسبت سے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔
ڈی جی رینجرز سندھ نے رینجرز کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا بھی دورہ کیا جہاں علاقہ سیکٹر کمانڈر نے ڈی جی رینجرز کو سکیورٹی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
جلوس سے ملحقہ راستوں پر سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے مانیٹرنگ کے عمل کا بھی جائزہ لیا گیا۔
ڈی جی رینجرز نے مرکزی جلوس ایم اے جناح روڈ، تبت سینٹر، ریگل چوک، لائٹ ہاؤس اور جلوس کے اطراف کا بھی جائزہ لیا۔
مزید برآں کراچی پولیس چیف جاوید عالم اوڈھو نے کہا ہے کہ چہلم کے جلوس کے اطراف کڑی نگرانی کے عمل کو بھی غیر معمولی بنایا گیا ہے، بلند عمارتوں پر اسنائپرز بھی تعینات ہیں، سیکیورٹی اقدامات پر عمل درآمد کے حوالے سے کوئی بھی لاپروائی ناقابلِ برداشت ہوگی۔
جاوید عالم اوڈھو نے چہلم حضرت امام حسینؓ کے موقع پر ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی مساجد، امام بارگاہوں ودیگر مقامات پر سکیورٹی اقدامات کو یقینی بنایا جائے، تمام ایس ایچ اوز علاقوں میں اپنی موجودگی کے تحت پیٹرولنگ، اسنیپ چیکنگ، پکٹنگ کے عمل کو مزید سخت بنائیں۔

Staff Reporter

Rehmat Murad, holds Masters degree in Literature from University of Karachi. He is working as a journalist since 2016 covering national/international politics and crime.