کراچی (ڈیسک) میئر کراچی کے انتخاب کا مرحلہ مکمل ہو گیا، پیپلز پارٹی نے اپنے دعوے سچ کر دکھائے، مرتضی وہاب میئر کراچی منتخب کر لیے گئے۔
غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق مرتضیٰ وہاب نے 173 ووٹ لیے جب کہ ان کے مقابلہ میں جماعت اسلامی کے امیدوار حافظ نعیم الرحمن کو 161 ووٹ حاصل کر سکے۔
آرٹس کونسل میں ہونے والے اس انتخاب میں 334اراکین پولنگ اسٹیشن پہنچے ، سیاسی جماعتوں کے کارکنوں کی بڑی تعداد آرٹس کونسل کے باہر موجود تھی۔
انتخاب کا عمل شو آف ہینڈز کے ذریعے تکمیل کو پہنچا، پیپلز پارٹی کے امیدوار مرتضیٰ وہاب کوووٹ دینے والوں کی گنتی کی گئی جو 173رہی جب کہ جماعت اسلامی کے حافظ نعیم الرحمٰن کو 161ووٹ ملے۔
انتخابات کے الیکٹورل پروسیجر پر الیکشن کمیشن نے اعلان کیا تھا کہ پولنگ کا عمل نجی میڈیا کور نہیں کرسکے گا البتہ ابتدائی کارروائی سرکاری ٹی وی کے ذریعے نشر کی جائے گی، تاہم شو آف ہینڈز کو سرکاری ٹیلی ویژن بھی نہیں دکھائے گا۔
ووٹنگ کے دوران پی ٹی آئی کے ارکان کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر جاری ہوئیں، جس میں ان کا کہنا تھا کہ انہیں ووٹنگ کے لیے اندر داخل ہونے سے روک دیا گیا ہے۔
یہاں قابل ذکر بات یہ ہے کہ اس انتخابی عمل میں پی ٹی آئی کے 33ارکان غیر حاضر رہے، اگر پی ٹی آئی کے یہ ارکان میئر کراچی کے انتخاب میں اپنا کردار ادا کرتے تو نتائج مختلف ہو سکتے تھے۔