You are currently viewing پی ٹی آئی قیادت کی میڈیا کوریج نہ کیے جانے کیخلاف درخواست ناقابل سماعت

پی ٹی آئی قیادت کی میڈیا کوریج نہ کیے جانے کیخلاف درخواست ناقابل سماعت

کراچی (ڈیسک) سندھ ہائی کورٹ کراچی نے تحریک انصاف کی قیادت کی میڈیا کوریج نہ کیےجانے کیخلاف درخواست ناقابل سماعت قرار دے دی۔
عدالت عالیہ سندھ کے دو رکنی بینچ نے درخواست کی سماعت کی۔
وکیل درخواست گزار نے موقف دیا کہ سانحہ 9مئی کے بعد پیمرا نے ایک حکم جاری کیا ، اس حکم کی آڑ میں پارٹی اور اس کی تمام قیادت کی میڈیا کوریج کو روک دیا گیا۔
جسٹس عدنان اقبال چوہدری نے استفسار کیا کہ آپ پیمرا کے حکم سے کس طرح متاثر ہو رہے ہیں؟
وکیل نے موقف دیا کہ میرا موکل پارٹی کا ممبر اور سپورٹر ہے، معلومات جاننا یا معلومات تک رسائی ہر شہری کا بنیادی حق ہے۔
جسٹس عدنان نے کہا کہ آپ صدر پاکستان بھی ہوں تو اس پیمرا آرڈر سے کیونکر اثر انداز ہو رہے ہیں؟ معزز جج نے وکیل سے کہا کہ کہ پیمرا کا آرڈر پڑھیں۔
وکیل نے موقف دیا کہ پیمرا نے 9مئی کے سہولت کاروں اور ملزمان کا میڈیا بلیک آؤٹ کرنے کا آرڈر کیا ہے جب کہ پوری جماعت کا میڈیا بلیک آؤٹ کردیا گیا۔
جسٹس عدنان اقبال نے ریمارکس دیے کہ پیمرا نے جس کو حکم دیا وہ متاثر ہوا ، آپ کیسے ہوئے؟
عدالت نے مزید کہا کہ پیمرا کے آرڈر کیخلاف متاثرہ چینلز کو درخواست دینا چاہیے تھی؟
درخواست گزار کے وکیل نے موقف اپنایا کہ ہر سیاسی جماعت اور فرد کو اپنا موقف پیش کرنے کا حق ہے۔ کونسل آف کمپلینٹ کی منظوری کے بغیر پابندی خلاف قانون ہے۔
عدالت نے کہا کہ آپ درخواست واپس لے رہے ہیں یا ہم مسترد کر دیں جس پر وکیل نے درخواست واپس لے لی۔