You are currently viewing پیپلز پارٹی کے وقار مہدی کی بلامقابلہ سینیٹر بننے کی راہ ہموار

پیپلز پارٹی کے وقار مہدی کی بلامقابلہ سینیٹر بننے کی راہ ہموار

کراچی (ڈیسک) سندھ سے سینیٹ کی جنرل نشست پر پیپلز پارٹی کے وقار مہدی کی بلامقابلہ سینیٹر بننے کی راہ ہموار ہو گئی۔
تفصیلات کے مطابق سندھ سے سینیٹ کی جنرل نشست پر انتخاب کے سلسلے میں متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے تین امیدواروں جب کہ پی پی ہی کے عاجز دھامرا نے اپنی درخواستیں واپس لے لیں جس کے بعد وقار مہدی بلامقابلہ کامیاب ہو جائیں گے۔
متحدہ قومی موومنٹ کے امیدواروں کی دست برداری کی درخواستیں منظور ہونے اور وقار مہدی کی کامیابی کا نوٹی فکیشن الیکشن کمیشن جلد جاری کرے گا۔
وقار مہدی کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ آصف زرداری سیاست میں مفاہمت پر یقین رکھتے ہیں، ایم کیو ایم کے امیدواروں نے کاغذات نامزدگی واپس لے لیے ہیں۔
ذرائع کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کو سندھ حکومت میں شامل کرنے پر مذاکرات جاری ہیں، حلقہ بندیوں اور دیگر حوالے سے بھی بات چیت جاری ہے۔ ایڈمنسٹریٹر کے لیے متحدہ کی جانب سے عبدالوسیم کا نام زیر غور ہے۔
یاد رہے کہ سینیٹ کی یہ نشست پی پی ہی کے رہنما مصطفی نواز کھوکھر کے استعفے کے باعث خالی ہوئی تھی، اس نشست پر 8 دسمبر کو انتخاب طے تھا۔ انتخاب میں پی پی اور ایم کیو ایم کے امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے تھے، پی ٹی آئی اور جی ڈی اے کا کوئی امیدوار اس نشست پر انتخاب کے لیے سامنے نہیں آیا تھا۔ بعد ازاں پیپلز پارٹی کی مفاہمت کی پالیسی کے تحت ایم کیو ایم کے امیدواروں نے الیکشن سے دستبرداری کا اعلان کر دیا۔

Nimra Jamali

Nimra Jamali is an emerging content writer, who is writing for News Pakistan TV for quite some time now.