کراچی (ڈیسک) وفاقی اردو یونیورسٹی شعبہ خُرد حیاتیات کے زیر اہتمام ہیلپ انٹرنیشنل ویلفئیر ٹرسٹ اور ہیلپ والنٹیر پروگرام پاکستان کے اشتراک سے خواتین کے عالمی دن کے حوالے سے واک کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قائم مقام شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر محمد ضیاء الدین نے کہا کہ پاکستان میں خواتین کے حقوق کے لیے درست سمت کی ضرورت ہے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستانی خواتین ہر شعبہ زندگی میں اپنا بھرپور کرادر ادا کر رہی ہیں تعلیم و دیگر شعبوں میں خواتین کا نمایاں کردار ہے۔
ڈاکٹر سعدیہ خلیل نے عورتوں کے سائنس میں کردار پہ آگاہی دی اور اس بات پہ زور دیا کہ پاکستان جیسے ملک میں سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ان خواتین کو بھی اچھے روزگار کے مواقع دے سکتی ہے جو گھر سے باہر جا کر کام نہیں کر سکتی۔ اس لئے اس امر کی بہت ضرورت ہے کہ جامعات ایسے پروگرام روشناس کرائیں جو خواتین میں ان شعبہ جات کی آگاہی فراہم کریں۔
ڈین فیکلٹی آف سائنس ،ملیر یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، ڈاکٹر سیدہ صدف اکبر نے تقریب کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دور حاضر میں دنیا کے ہر شعبے میں خواتین اور نوجوان لڑکیاں مردوں کے شانہ بشانہ ہیں۔ خواتین کی اس بات کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے کہ صرف تعلیم اور طب ہی نہیں بلکہ خواتین ہر شعبے میں مردوں کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر آگے بڑھیں۔ اسی حوصلہ افزائی کی وجہ سے خواتین مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی دکھا رہی ہیں۔ پھر چاہے بات مسلح افواج کی سخت ڈیوٹی ہو یا خلائی سفر پر جانے کی، خواتین کسی طور پیچھے نہیں۔ اس کے علاوہ دنیا بھر کی طرح پاکستانی خواتین بھی سائنسی ترقی میں اپنا حصہ ڈال رہی ہیں مگر بسا اوقات انھیں جن چیلنجوں کا سامنا ہے ان میں صنفی بنیاد پر تعصب، جنسی ہراس، صنفی امتیازات، اور ایسے کلچر کامکمل فقدان ہے جہاں سائنسی فیلڈز میں خواتین کے کام کرنے کو معیوب نہ سمجھا جائے بلکہ مرد وں اورخواتین کو آگے بڑھنے کے یکساں مواقع فراہم کیے جائیں تاکہ ہمارا ملک ہر شعبہ فیلڈ میں ترقی کر سکے۔
چیف ایگزیکٹو آفیسر سینٹرفور کوالٹی سائنسز کی دوسری مہمان خصوصی ،ڈاکٹر روحی عبید بانو جو سینٹر فار کوالٹی سائنسز میں چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیںنے شرکا کوخواتین کے حقوق اور خواتین کو زندگی میں درپیش مسائل کے بارے میں بتایا اور اپنی زندگی کے تجربات پر بھی روشنی ڈالی کہ خواہ حالات جتنے بھی ناموافق کیوں نہ ہوں ہمیں ثابت قدم رہنا چاہیے۔
ہیلپ لائن انٹرنشنل ویلفئیر کے صدر عادل احمداور نائب صدر وسیم رحمن نے پاکستان میں تھیلسیمیا کے بڑھتے ہوئے تناسب کے بارے میں معلومات شئیر کیں۔
ہیلپ لائن والنٹیر پروگرام کی صدر حقطہ صغیر نے خواتین کے بارے میں آگاہی فراہم کی۔ تقریب میں خواتین عالمی دن کے حوالے سے پوسٹر ز کے مقابلے کا انعقاد کیا گیا ۔
شیخ الجامعہ نے پہلی،دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ میں سرٹیفکیٹ تقسیم کیے، پروگرام کے اختتام پر واک کا اہتمام کیا گیا جس میں بڑی تعداد میں اساتذہ اور طلبہ شریک تھے۔