You are currently viewing پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان دوسرا ٹیسٹ بھی ڈرا

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان دوسرا ٹیسٹ بھی ڈرا

کراچی (ڈیسک) پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا گیا دوسرا ٹیسٹ بھی ڈرا ہوگیا۔

ٹیسٹ کے آخری دن نیوزی لینڈکے 319 رنز کے تعاقب میں پاکستان نے دوسری اننگز میں 9 وکٹ پر 304 رنزبنائے، پاکستان کو جیت کے لیے 15 رنز اور نیوزی لینڈ کو ایک وکٹ درکار تھی تاہم آج کی اننگز کے 3 اوورز قبل ہی امپائر نے کم روشنی کے باعث میچ ختم کردیا۔ یوں 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز بھی بے نتیجہ ختم ہوگئی۔ آج آؤٹ ہونے والے پہلے پاکستانی کھلاڑی امام الحق تھے جو ایک بار پھر آگے بڑھ کر شارٹ کھیلنے کی کوشش میں اش سودی کی گیند پر بولڈ ہوئے، انہوں نے 12 رنز کی اننگز کھیلی۔پاکستان کی چوتھی وکٹ 77 رنز پر گری جب بابر اعظم 27 رنز بنا کر بریسویل کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہوئے جبکہ شان مسعود بھی آگے بڑھ کر لمبی ہٹ لگانے کی کوشش میں کیچ آؤٹ ہو گئے، انہوں نے 35 رنز کی اننگز کھیلی۔سرفراز اور سعود شکیل نے کیوی بولرز کے سامنے مزاحمت کی اور 6 وکٹ پر 132 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی تاہم سعود شکیل 32 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔اس کے بعد سرفراز اورآغا سلمان کے درمیان بھی 70 رنز کی شراکت ہوئی لیکن آغا سلمان 30 رنز پر ہینری کا شکار بنے جبکہ حسن علی بھی 5 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔سرفراز احمد نے شاندار سنچری بنائی اور 118 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد میچ دلچسپ مرحلے میں داخل ہوگیا لیکن نسیم شاہ اور ابرار نے کیویز بولر کا ڈٹ کر سامنا کیا۔پاکستان کو جیت کے لیے 15 رنز اور نیوزی لینڈ کو ایک وکٹ درکار تھی، آج کی اننگز کے 3 اوورز قبل ہی امپائر نے کم روشنی کے باعث میچ ختم کردیا اور یوں دوسرا ٹیسٹ بھی ڈرا ہوگیا اور 2 میچز کی سیریز بھی بے نتیجہ ختم ہوگئی۔ کیویز کی جانب سے براس ویل نے 4، سودھی اور ساؤتھی نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔شاندار بیٹنگ پر سرفراز احمد کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔