اسلام آباد (ڈیسک) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اقلیتوں کے مذہبی، سماجی، سیاسی اور معاشی حقوق کے تحفظ کیلئے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئین پاکستان تمام شہریوں کو ان کے مذہبی عقائد یا نسل سے قطع نظر سیاسی، معاشی اور سماجی حقوق کی ضمانت دیتا ہے، پاکستان اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور ان کی فلاح کیلئے کام کرتا رہے گا۔
جمعہ کو ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق ان خیالات کا اظہار صدر مملکت نے اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا۔
انہوں نے کہا کہ ملکی ترقی میں اقلیتوں کے کردار کا اعتراف کرتے ہیں اور انہیں اس پر سراہتے ہیں۔
صدر مملکت نے اقلیتوں کے دن پر قوم کی تعمیر کے عمل میں اقلیتوں کے اہم کردار کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ اسلام ہمیں اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور تمام لوگوں کے درمیان برابری کا درس دیتا ہے۔
ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان نے اقلیتوں کی فلاح و بہبود کیلئے مسلسل کوششیں کی ہیں، ان اقدامات کا مقصد ملک کی سیاسی اور اقتصادی ترقی میں اقلیتوں کی فعال شرکت کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور ان کی فلاح کیلئے کام کرتا رہے گا، مذہبی سکالرز اور میڈیا سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ معاشرے کو اقلیتوں کے حقوق کے بارے میں آگاہ کریں، ملک میں محبت، رواداری، بھائی چارے اور اتحاد کے کلچر کو فروغ دیں۔
صدر نے اس یقین کا اظہار کیا کہ اقلیتیں قومی ترقی کے عمل میں اپنا اہم کردار ادا کرتی رہیں گی۔