اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر) قومی اسمبلی میں پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کو پبلک لمیٹڈ کمپنی بنانے کا بل متقفہ طور پر منظور کرلیا گیا۔
پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے دوران وفاقی وزیر قانون زاہد حامد نے پی آئی اے کو پبلک لمیٹڈ کمپنی بنانے کا بل ایوان میں پیش کیا جسے متفقہ طور پر منظور کرلیا گیا۔
قومی اسمبلی میں امیگریشن آرڈیننس بل 2016ء بھی منظور کیا گیا جسے سینیٹر غوث محمد خان نے پیش کیا جبکہ سول سرونٹس بل 2016ء بھی منظور ہوا جو پیپلزپارٹی کے سینیٹر سعیدغنی نے پیش کیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس حکومت نے پی آئی اے کو پرائیوٹائز کرنے کا فیصلہ کیا تھا تاہم قومی ایئرلائن کی ایکشن کمیٹی اور اپوزیشن کے شدید احتجاج کے بعد معاملے کو پارلیمنٹ میں لایا گیا لیکن قومی اسمبلی اور سینیٹ میں اپوزیشن نے تحفظات کے باعث پی آئی اے سے متعلق بل مسترد کردیے۔
حکومت کی جانب سے اپوزیشن کو پی آئی اے کےخلاف انتظامی کارروائی کا فیصلہ واپس لینے کی یقین دہانی کے بعد پیپلزپارٹی نے پی آئی اے کو پبلک لمیٹڈ کمپنی بنانے کے بل کی حمایت کا فیصلہ کیا۔