You are currently viewing وفاقی اردو یونیورسٹی گلشن اقبال کیمپس میں انجمن غیر تدریسی عمال کی تقریب حلف برداری

وفاقی اردو یونیورسٹی گلشن اقبال کیمپس میں انجمن غیر تدریسی عمال کی تقریب حلف برداری

کراچی (ڈیسک) وفاقی اردو یونیورسٹی گلشن اقبال کیمپس کراچی میں انجمن غیر تدریسی عمال کی تقریب حلف برداری منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمان خصوصی سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کے سربراہ علامہ بشیر احمد فاروقی تھے۔

تقریب کا آغاز تلاوت قران پاک سے کیا گیا جبکہ ہدیہ نعت عبدالباسط نے پیش کیا۔ نظامت کے فرائض حافظ محمد انور نے انجام دیے۔ قائم مقام شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر محمد ضیا ء الدین نے انجمن غیر تدریسی عمال کے نو منتخب عہدیداران سے حلف لیا۔ حلف اٹھانے والوں میں صدر عدنان اختر،جنرل سیکریٹری سید ریحان علی اور دیگر عہدیداران شامل تھے۔

اس موقع پر قائم مقام شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر محمد ضیاء الدین نے کہا کہ حلف دراصل اللہ تعالیٰ سے کیا ہو ا عہد ہے، آپ نے اصول وضوابط کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے اپنی ذمہ داریاں ادا کرنی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ جامعہ اردو ملک کا اہم اور نمایاں تعلیمی ادارہ ہے ، ملازمین اور انتظامیہ مل کر جامعہ کی ترقی کیلئے کوشش کریں گے۔ انھوں نے یقین دلایا کہ غیرتدریسی ملازمین کے مسائل کے حل کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی، ڈیلی ویجز ملازمین کو بتدریج مستقل کرنے کی اور ملازمین کی ترقیوں ڈی پی سی کے حوالے سے بھی کوشش کی جائے گی۔ تعلیمی بنیاد پر ملازمین کے گریڈز کو تبدیل کرنے اور ان کی صلاحیتوں کے مطابق عہدئے دیئے جائیں۔ 2018 کی ڈی پی سی کے حوالے سے سابقہ انتظامیہ سے جو کمی رہ گئی ہے اس پر نظر ثانی کی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ ملازمین کو طبی سہولتوں کی فراہمی کے لیے مختلف سرکاری و نجی اسپتالوں اور میڈیکل ریلیف میں مقررہ رقم کو بڑھایا جائے گا تاکہ مہنگائی کے حساب سے ملازمین کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے کہا جامعہ میں کام کرنے والے تمام ملازمین میری اولاد کی طرح ہیں، انھیں ان کا حق ملے دیا جائے گا، کسی قسم کی کوئی حق تلفی نہیں ہو گی۔ انھوں نے واضح کیا کہ جامعہ کے مفاد کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ ریٹائرڈ و دوران ملازمت انتقال کرجانے والے ملازمین کے ورثاء کو ملازمت دینے کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھائیں گے۔ مہمان خصوصی علامہ بشیر احمد فاروقی نے کہا کہ پاکستان دنیا کا بہترین ملک تھا اور آج دنیا کے 10ویں نمبر پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاست دان ملک سے مخلص نہیں، ملک بحرانوں کا شکار ہے جس میں بڑھتی ہوئی مہنگائی، بے روزگاری، جرائم، بد حالی ہمارے اپنے اعمال کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملازمین کو چاہیے کہ جس ادارے میں کام کریں سچائی، لگن دیانتداری سے کریں۔ انجمن کے جنرل سیکریٹری سید ریحان علی نے کہا کہ جمہوری پینل پر ملازمین کے اعتماد وکامیابی پر تمام ملازمین کے شکر گزار ہیں۔ ملازمین کے مسائل اور خدمت ہمارا نصب العین ہے۔ کامیاب نہ ہونے والے غیر تدریسی ملازمین کے دیگرپینلز کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوءے نومنتخب صدر غیر تدریسی عمال محمد عدنان اختر کا کہنا تھا کہ وفاقی جامعہ اردو میں قائم مقام شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الدین کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ہمیں خوشی ہے کہ شیخ الجامعہ اسی جامعہ سے تعلق رکھتے ہیں، وہ ملازمین کے حقوق اور ان کے درد کو محسوس کرتے ہیں اور غیر تدریسی عمال کو بھی شیخ الجامعہ سے بہت سی امیدیں وابستہ ہیں، وہ ملازمین کے مسائل کے حل اور تدارک کیلئے بھرپور کوشش کریں گے۔ ہم بھی شیخ الجامعہ کو یقین دلاتے ہیں کہ ہماری انجمن غیر تدریسی عمال آپ کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور جامعہ کی تعمیر و ترقی کیلئے دل و جان سے محنت کریں گے۔ اس تقریب میں جامعہ اردو کے ٹریثرار عاصم بخاری، کراچی یونیورسٹی کے جاوید اکرم، تنویر، اکبر علی، سید اخلاق حسین، محمد کاشف،ریاض میمن، عبدالمجید، ابراہیم عباسی،ناصر جمال،حنیف کاندھڑو،حسن امام،فائق خان اور اساتذہ ،غیر تدریسی ملازمین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کے اختتام پرغیر تدریسی ملازمین کی جانب سے قائم مقام شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الدین اور علامہ بشیر احمد فاروقی کو سندھ کا روایتی تحفہ اجرک پہنائی گئی اور گلدستہ پیش کیا گیا۔