کراچی (نیوز ڈیسک) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے جلد صوبے میں بجلی پیدا کرنے اور تقسیم کرنے والی کمپنی بنانے کا اعلان کردیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کیپیسٹی پیمنٹ کا مسئلہ حل ہوسکتا ہے لیکن اس مسئلے پر سب کو ساتھ مل کر چلنا ہوگا۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ بہت جلد سندھ میں بجلی پیدا کرنے اور تقسیم کرنے والی کمپنی بنانے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 70 فیصد گیس سندھ پیدا کرتا ہے، وفاقی حکومت سندھ کو گیس دے، پاور پلانٹ خود لگائیں گے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ تھر کول پورے ملک کی بجلی کی ضرورت پوری کرسکتا ہے، بجلی کا ٹیرف بہت زیادہ ہے، صنعتیں تیزی سے اپنی صلاحیت کھو رہی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ تاجروں کے مسائل سے آگاہ ہیں، حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
دریں اثناء وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ سندھ میں 2 لاکھ گھروں کو سولر سسٹم فراہم کر رہے ہیں، چاہتے ہیں سیلاب متاثرین کے 20 لاکھ گھروں کو بھی سولر سسٹم دیں۔
وزیراعلیٰ ہاؤس میں 2 لاکھ سولر ہوم سسٹم کٹس کی فراہمی کے لیے دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ کم آمدنی والے خاندانوں کو 80 فیصد سبسڈی پر سولر سسٹم فراہم کیا جائے گا، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں رجسٹرڈ گھرانوں کو پروگرام میں شامل کیا جائے گا۔