کراچی (نیوز ڈیسک) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے وفاقی وزیر توانائی کے سامنے کراچی سمیت سندھ بھر میں بجلی کی غیرعلانیہ لوڈشیڈنگ کا مسئلہ اٹھادیا۔
وفاقی وزیر اویس لغاری سے کراچی میں ہونے والی ملاقات میں وزیراعلیٰ سندھ نے حیسکو اور سیپکو کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کیا۔
سید مراد علی شاہ نے کہا کہ لوڈشیڈنگ سے غریب عوام پریشان ہیں، ان کو حیسکو اور سیپکو کی نااہلی پر ہر گز نہیں چھوڑ سکتے۔
وفاقی وزیر توانائی نے ملاقات میں لائن لاسز اور نان پیمنٹ کے ایشوز اٹھائے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ صوبائی حکومت وفاق کی ہر ممکن مدد کے لیے تیار ہے، صوبائی اور ضلعی سطح پر کمیٹیاں بنائی جائیں گی۔
فریقین میں اتفاق ہوا کہ کمیٹیوں سے واپڈا اور صارفین کے مسائل کے حل میں مدد ملے گی۔
ملاقات میں سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن اور صوبائی وزیر توانائی سید ناصر حسین شاہ بھی شریک تھے۔