کراچی (ڈیسک) کراچی میں جعلساز نے نجی بینک کا نمائندہ بن کر صارف سے تفصیلات لیں اور اس کے اکاؤنٹ سے ساڑھے 12 لاکھ روپے نکلوا لیے۔
متاثرہ صارف نے متعلقہ بینک اور ایف آئی اے میں بینک فراڈ سے متعلق شکایت درج کرادی۔متاثرہ صارف کے مطابق بینک کے یو اے این نمبر سے فون آیاتاہم کنٹری کوڈ پاکستان کا نہیں تھا، صارف کے مطا بق وہ بینک کے یو اے این نمبر سے ہی دھوکا کھا گیا۔ متاثرہ صارف کا کہنا تھاکہ جعلسازوں نے سسٹم اپڈیٹ اور ڈیبٹ کارڈ اپڈیٹ کے نام پر تفصیلات لیں اور اکاؤنٹ سے ساڑھے 12 لاکھ روپے نکال لیے۔متاثرہ صارف کی درخواست پر متعلقہ بینک اور ایف آئی اے نے کارروائی شروع کردی۔واضح رہے کہ جعلسازوں کی جانب سے فون کالز پر بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات لینے اور لوگوں کو رقم سے محروم کرنے کی وارداتوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔