You are currently viewing نقیب اللہ قتل کیس کےملزم راؤ انوار  کی ضمانت پررہائی کے لئے درخواست دائر،فریقین سے جواب طلب

نقیب اللہ قتل کیس کےملزم راؤ انوار کی ضمانت پررہائی کے لئے درخواست دائر،فریقین سے جواب طلب

کراچی (ڈیسک) انسداد دہشتگردی کی عدالت نے نقیب اللہ قتل کیس میں سابق ایس ایس پی ملیر  راؤ انوار کی درخواست ضمانت پر فریقین سے جواب طلب کر لیا ہے

سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار نے اپنے وکیل کی وساطت سے نقیب اللہ قتل کیس میں ضمانت کے لیے انسداد دہشت گردی کی عدالت میں درخواست دائر کی، جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ کیس کے چالان جےآئی ٹی اورجیو فینسگ رپورٹ میں تضادہے، راؤانوار جائےوقوعہ پرموجود نہیں تھے، راؤانوار کی ضمانت منظور کی جائے۔ عدالت نے 14مئی کے لیے سرکاری وکیل کو نوٹس جاری کردیے۔

13جنوری 2018 کو کراچی کے ضلع ملیر میں اس وقت کے ایس ایس پی ملیر راؤ انوار کی جانب سے ایک مبینہ پولیس مقابلے میں 4 دہشتگردوں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا گیا تھا تاہم بعد میں معلوم ہوا کہ ہلاک کئے گئے لوگ دہشتگرد نہیں بلکہ مختلف علاقوں سے اٹھائے گئے بے گناہ شہری تھے جنہیں ماورائے عدالت قتل کردیا گیا۔ جعلی پولیس مقابلے میں ہلاک ہونے والے ایک نوجوان کی شناخت نقیب اللہ کے نام سے ہوئی۔

سوشل میڈیا صارفین اور سول سوسائٹی کے احتجاج کے بعد سپریم کورٹ نے واقعے کا از خود نوٹس لیا تھا۔ از خود نوٹس کے بعد راؤ انوار روپوش ہوگئے اور اسلام آباد ایئر پورٹ سے دبئی فرار ہونے کی بھی کوشش کی لیکن اسے ناکام بنادیا گیا۔ کچھ عرصے بعد وہ سپریم کورٹ میں پیش ہوئے جہاں سے انہیں گرفتار کرلیا گیا۔

Staff Reporter

Rehmat Murad, holds Masters degree in Literature from University of Karachi. He is working as a journalist since 2016 covering national/international politics and crime.