لاہور (ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر اعظم سواتی کی جانب سے عمران دور حکومت میں نریندر مودی کی پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی کا ملبہ موجودہ حکمرانوں کے سر پر ڈالنے کی کوشش ناکام ہوگئی۔ مودی کی ویڈیو کی حقیقت منظر عام پر آگئی۔
سینیٹر اعظم سواتی نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی ایک تقریر کا وائرل کلپ شیئر کیا جس میں انہیں کہتے ہوئے سنا جاسکتا ہے کہ ”ہم نے پاکستان کی ساری ہیکڑی نکال دی اور اسے کٹورا لے کر دنیا بھر میں گھومنے پر مجبور کر دیا“۔
مذکورہ کلپ کو شیئر کرتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ ”رجیم چینج کے سہولت کاروں سنو“ انڈیا کا مودی پاکستان کے بارے میں کیا کہہ رہا ہے؟ اگر غیرت نام کی کوئی چیز تم میں نہیں تو شرم تو کرو؟ پاکستان کے لوگو: اس لیے اپنے اس ملک کو بچانے کا واحد راستہ عمران خان کے سنگ حقیقی آزادی ہے“۔
تاہم اب اس وائرل کلپ کی حقیقت سامنے آگئی۔ مذکورہ ویڈیو کلپ حالیہ نہیں بلکہ 3 سال قبل 21 اپریل 2019 کی ہے اور اس وقت وزیر اعظم عمران خان تھےاور پاکستان تحریک انصاف کا دور حکومت تھا۔
ویڈیو میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے راجستھان کے باڑمیر میں انتخابی ریلی سے خطاب کر تے ہوئے پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی کی تھی تاہم پی ٹی آئی کے رہنما نے مذکورہ پرانی ویڈیو کو جنیوا میں منعقدہ بین الاقوامی ڈونرز کانفرنس میں کئی ممالک کی جانب سے پاکستان کے سیلاب متاثرین کی مدد کے اعلان کے بعد شیئر کی تھی۔