You are currently viewing مختلف شہروں میں موسلادھار بارش، لینڈ سلائیڈنگ، ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ

مختلف شہروں میں موسلادھار بارش، لینڈ سلائیڈنگ، ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ

اسلام آباد (ڈیسک) ملک کے مختلف شہروں میں آج سے موسلادھار بارش کا امکان ہے، ندی نالوںمیں طغیانی اور نشیبی علاقے زیر آب آنے کے خدشات ہیں جب کہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ بھی ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی اور حیدرآباد میں دو روز تک موسلا دھار بارش کا امکان موجود ہے، کراچی شہر میں دو روز سے مطلع ابر آلود اور حبس کی کیفیت برقرار ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور سمیت پشاور اور گردونواح میں موسلا دھار بارش کا امکان ہے، بارشوں کا یہ سلسلہ 26جولائی تک جاری رہنے کی توقع ہے۔
موسلادھار بارش کے نتیجے میں فوری طور پر پانی کی نکاسی نہ ہونے کے سبب شہروں کے نشیبی علاقے زیر آب آ سکتے ہیں۔
دوسری جانب ملک کے پہاڑی علاقوں مری، کشمیر، گلگت بلتستان اور خیبر پختو نخوا میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خطرہ ہے ۔
بلوچستان کے شمال مشرقی علاقوں میں تیز بارش کی پیش گوئی ہے جو ندی نالوں میں طغیانی کا پیش خیمہ بن سکتی ہے۔
پنجاب کے وسطی علاقوں اور لاہور میں میں صبح سویرے موسلادھار بارش وقفے وقفے سے جاری ہے، لاہور کے علاقے گلشن راوی میں دو گھنٹوں میں 181 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے، بارش کے باعث شہر میں بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا ہے، تمام بازار دکانیں بند، ٹرانسپورٹ معطل ہو چکی ہے۔ لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔
لیسکو کا کہنا ہے کہ جیسے ہی موسم بہتر ہوا بجلی کی فراہمی شروع کر دی جائے گی، ناگہانی حادثات سے بچنے کے لیے بجلی کی سپلائی عارضی طور پر کچھ علاقوں میں معطل کی گئی ہے۔