اسلام آباد (ڈیسک)وزیر داخلہ رانا ثنااللہ خان نے کہا ہے کہ بے گناہ پولیس اہلکار کمال احمد کے سینے میں لگی گولی ثبوت ہے کہ عمران خان دہشت گرد ہے،کمال احمدکے قاتل عمران خان، شیخ رشید اور ان کے حواری ہیں،عمران خان مارچ کی آڑ میں ملک میں خانہ جنگی کی سازش کررہے ہیں۔ منگل کو وزارت داخلہ سے جاری بیان کے مطابق انہوں نے کہاکہ خونی مارچ ہوگا کے اعلانا ت کرنے والوں سے حساب لیں گے۔ پولیس پر فائرنگ سے یہ بات ثابت ہوگئی ہے کہ یہ سیاسی سرگرمی نہیں اور یہ پرامن مارچ چاہتے ہی نہیں تھے۔گالیاں برسانے والوں نے گولیاں برسانا شروع کردی ہیں، قانون کو ہاتھ میں لیاگیا ہے۔ کمال احمد کے قاتلوں کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا کریں گے ۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں خانہ جنگی، افراتفری، فساد اور انتشار کو قانونی راستے سے روکیں گے۔ شہید پولیس اہلکار کے اہل خانہ کو شہدا پیکج دیں گے۔ شہید اہلکار کے اہل خانہ کی کفالت اور بچوں کی تعلیم کی ذمہ داری حکومت لے گی۔ عوام کے جان ومال کی حفاظت کا فرض پورا کریں گے۔ وزیر داخلہ نے شہید پولیس اہلکار کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیاہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالی شہید کے درجات بلند فرمائے، اہل خانہ کو صبر جمیل دے۔
مارچ کی آڑ میں خانہ جنگی کی سازش ہو رہی ہے، وزیر داخلہ
- Post author:Anum Mashkoor
- Post published:24/05/2022 13:13
- Post category:اسلام آباد / پاکستان / قانون و انصاف
- Post last modified:24/05/2022 13:13
- Reading time:0 mins read