کراچی (ڈیسک) لیاری کے بلڈرز اور کاروباری افراد کو خوفزدہ کرنے کیلئے حملے کا ڈرامہ رچانے والا 4 رکنی بھتہ خور گینگ پکڑا گیا۔
کلری پولیس کے مطابق انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر 22 جنوری کو نصیر قریشی نامی بلڈر پر فائرنگ کرنے والے ملزمان عمران عرف چور، شاہد اور ارشد کو گرفتار کرکے تین پستول برآمد کیے گئے۔
پولیس کے مطابق ملزمان نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ نصیر قریشی کی ایماء پر ہی اس پر حملے کا ڈرامہ رچایا گیا جس کا مقصد لیاری کے دیگر بلڈرز اور کاروباری افراد کو خوفزدہ کرکے ان سے بھاری بھتہ وصول کرنا تھا، پولیس کے مطابق ملزمان کے اعتراف پر مرکزی ملزم نصیر قریشی کوبھی گرفتار کرکے پستول برآمد کرلیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ چاروں ملزمان لیاری میں موجود بلڈرز اور بزنس کمیونٹی کو بھتے کی دھمکیاں دیتے رہے، ملزمان لیاری گینگ وار ملزم فاروق مایا کو بھی بھتہ وصولی میں سہولت کاری فراہم کرچکے ہیں جبکہ ملزمان دیگر جرائم میں بھی مطلوب تھے۔پولیس کے مطابق ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے سابقہ کرمنل ریکارڈ بھی طلب کر لیا گیا ہے۔