اسلام آباد (ڈیسک) وفاق اور پنجاب حکومت کی جانب سے فوری انتخابات کیس میں جواب جمع کروا دیا گیا ہے۔
چیف سیکریٹری پنجاب نے عدالت عظمیٰ میں جواب جمع کرواتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ صاف اور شفاف الیکشن منعقد کروانا الیکشن کمیشن کا کام ہے، سپریم کورٹ کو الیکشن کی تاریخ دینے کا اختیار حاصل نہیں ہے۔ پنجاب میں الیکشن کے لیے 14مئی کی تاریخ دے کر سپریم کورٹ کی جانب سے آئینی اختیارات کی تقسیم کی خلاف ورزی ہوئی۔
جواب میں واضح کیا گیا کہ سپریم کورٹ نے کے پی کے میں بھی الیکشن کی تاریخ نہیں دی، الیکشن پروگرام میں تبدیلی بھی صرف الیکشن کمیشن ہی کر سکتا ہے۔
چیف سیکریٹری پنجاب نے جواب میں کہا کہ 9مئی کے حادثات کے بعد ملک میں سیکیورٹی صورت حال ٹھیک نہیں، پرتشدد مظاہروں میں ملک کا بہت نقصان ہوا، 162پولیس اہلکار زخمی جب کہ 97پولیس گاڑیوں کو آگ لگائی گئی۔
پنجاب حکومت نے موقف اختیار کیا کہ انتخابات کی سیکیورٹی کے لیے ساڑھے پانچ لاکھ اہلکار درکار ہیں جب کہ تاحال ایک لاکھ سے بھی کم نفری موجود ہے۔
وفاقی حکومت نے بھی سپریم کورٹ سے اپنی درخواست میں فیصلے پر نظر ثانی کی استدعا کر دی۔